THU-22/12/2011

   
  

 

 

 

سپریم کورٹ میں میمو کیس کی سماعت آج ہو رہی ہے

سپریم کورٹ میں میمو کیس کی سماعت آج ہورہی ہے۔ وزارت دفاع اور ڈی جی آئی ایس آئی نے جوابات سپریم کورٹ میں داخل کرادیئے ہیں۔ سیکرٹری دفاع کی جانب سے داخل کئے گئے بیان میں کہا گیاہے کہ فوج اورآئی ایس آئی کے آپریشنل معاملات میں حکومت کاکوئی کنٹرول نہیں اس لئے فوج اورآئی ایس آئی کے بارے میں حکومت سے کوئی جواب نہ مانگا جائے۔سیکرٹری دفاع نے کہا کہ فوج سے متعلق حسین حقانی اورمنصوراعجاز کے بیانات کی بھی جواب طلبی نہ کی جائے۔ حکومت فوج اورآئی ایس آئی کے انتظامی معاملات دیکھتی ہے۔ اٹارنی جنرل ذرائع

کے مطابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل احمد شجاع پاشا کی جانب سے جواب الجواب رات گئے رجسٹرار آفس میں داخل کرایاگیا جس میں ڈی جی آئی ایس آئی نے اپنا پراناموٴقف دہرایا ہے۔

 

ملک کے شملامی علاقوں میں بارش اور برفباری کے باعث سردی میں مزید اضافہ

ملک کے شمالی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی پہاڑی علاقے شدید سرد ہواوٴں کی لپیٹ میں رہیں گے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقوں میں آئندہ تین سے چار روز کے دوران سردی اور دھند کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔ ادھر پٹن میں سولہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بالاکوٹ میں بارہ، د یر میں پانچ اور کاکول میں تین ملی میٹر بارش پڑی۔قلات میں

درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بارہ درجے نیچے گرچکا ہے۔ زیارت، کوئٹہ میں منفی دس، کالام میں منفی آٹھ اور استور میں منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا۔گلگت اور مری میں درجہ حرارت منفی دو، پشاور میں صفر اور کراچی میں نو سینٹی گریڈ رہا۔

سابق وفاقی وزیر افتخار گیلانی تحریک انصاف میں شامل

سابق وزیر قانون افتخا ر گیلانی تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ افتخار گیلانی نے ہمیشہ اسٹیبلشمنٹ کے خلاف جدوجہد کی ، ان کی شمولیت سے اعتراضات کرنے والوں کے منہ بند ہو جانے چاہیں۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ اْنہیں تحریک انصاف کی صورت میں امید کی نئی کرن نظر آ رہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا تحریک انصاف کا حصہ بننے والوں کو ن لیگ میں شامل کرنے کی بہت کوشش کی گئی۔ناکامی پر

انہیں ق لیگ کی ٹیم قرار دیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ میمو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کو آخری حد تک جانا چاہیے۔

نیٹو کے 3542 کنٹینر غائب ہونے کی تصدیق

اسلام آباد: نیب پاکستان میں لاپتہ ہونے والے نیٹو ایساف افغان ٹریڈ کے کنٹینرز کیس میں ملوث سرکاری افسر کلیئرنگ ایجنٹ یا نیشنل لاجسٹک سیل کے عہدیداروں کی گرفتاریاں عمل میں لائے گی۔ نیٹو ایساف افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کنٹینرز سے متعلق کمیٹی نے انکشاف کیا ہے کہ نیٹو کے تین ہزار پانچ سو بیالیس( 3542) کنٹینرز غائب کئے جا چکے ہیں اس بات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ ایسے کنٹینرز جن میں اسلحہ و گولہ و بارود لایا جا رہا تھا کو کیسے غائب کیا گیا۔ یہ بھی

تحقیقات ہو رہی ہیں کہ لاپتہ ہونے والے کنٹینرز کی اصل تعداد کیا ہے۔ اندازے کے مطابق جنوری 2007 سے 31 دسمبر 2010 تک نیٹو کے 19 ہزار کنٹینرز جبکہ 28 ہزار 802 کمرشل افغان ٹرانزٹ کنٹینرز لاپتہ ہوئے ہیں۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے لاپتہ ہونے والے افغان کمرشل ٹرانزٹ ٹریڈ کے 560 کنٹینرز کے حوالے سے شو کاز نوٹس جاری کیا ہے۔ کسٹم ڈیپارٹمنٹ نے اب تک لاپتہ ہونے والے کنٹینرز کے نقصان کا تخمینہ دو بلین 693 ملین روپے لگایا ہے اور اس بھاری رقم کی ریکوری کیلئے رپورٹس درج کرائی جا چکی ہیں معلوم ہوا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے غائب ہونیوالے کنٹینرز کے کیس تمام ریکارڈ کے ساتھ نیب کو بھجوانا شروع کر دیئے ہیں۔ نیٹو ایساف ٹرانزٹ ٹریڈ کنٹینرز سے متعلق ذیلی کمیٹی نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ ایف بی آر نے غائب ہونے والے کنٹینرز سے متعلقہ مقدمات نیب کو منتقل کر دیئے ہیں۔

 

 

گڈاپ، زہریلی شراب پینے سے 3 افراد ہلاک، 4 بینائی سے محروم

کراچی، گڈاپ سٹی کے علاقے میں زہریلی شراب پینے سے 3 افراد ہلاک اور 12 افراد متاثر ہو گئے ہلاک و متاثر ہونے والے افراد کو سپر ہائی وے پر واقع نجی اسپتال لایا گیا۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ سٹی تھانے کی ایوب گوٹھ پولیس چوکی کی حدود سکھیا گوٹھ میں زہریلی شراب پینے سے علاو الدین برفت، عیسی برفت اور نعیم پنجابی ہلاک ہو گئے جبکہ سلمان، غنی بخش، محمد رحیم، لعل بخش، شاہد، معشوق، قادر برفت، لیلی برفت، عالم خان، اللہ بخش، رمضان اور قادر بخش برفت

متاثر ہوئے ہیں زہریلی شراب پینے سے ہلاک و متاثر ہونے والے افراد کو سپر ہائی وے پر واقع نجی اسپتال لایا گیا جہاں سے اہل خانہ لاشیں اپنے ہمراہ لے گئے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب سے متاثر ہونے والے افراد نے بتایا کہ انہوں نے زہریلی شراب نیو کراچی کے علاقے نالہ اسٹاپ پر واقع بھورے کے اڈے اور خمیسو گوٹھ میں روشو کے اڈے سے خریدی تھی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی شراب سے متاثر ہونے والے 4 افراد کی بینائی بھی چلی گئی ہے، علاقہ پولیس واقعے کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

بھارت میں زیر حراست پاکستانی تاجر رہا

نئی دہلی: بھارت میں زیر حراست پاکستانی تاجر کو پاکستانی ہائی کمیشن کی کوششوں سے رہا کرا لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے پاکستانی تاجر شیخ عارف کو 25 نومبر کو بھارتی ریاست امرتسر کے ائیر پورٹ پر بھارتی حکام نے گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد پاکستانی ہائی کمیشن نے شیخ عارف کی رہائی کے لئے بھارتی حکام سے رابطہ کیا اور گزشتہ روز شیخ عارف کو رہا کر دیا گیا ہے۔ شیخ عارف رہائی کے بعد آج وطن واپس پہنچیں گے۔

سندھ، سی این جی اسٹیشن 24 گھنٹوں بعد کھل گئے

کراچی، شہر بھر میں سی این جی اسٹیشن کی 24 گھنٹوں کی بندش کے بعد آج صبح 9 بجے سے دوبارہ سی این جی اسٹیشنز کھول دیئے گئے۔ گزشتہ روز کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی جانب سے کل صبح 9 بجے سے جمعرات کی صبح 9 بجے تک سی این جی اسٹیشن بند کر دیئے تھے۔سی این جی اسٹیشن کی جمعرات کی صبح دوبارہ کھلنے سے قبل ہی سی این جی اسٹیشنز پر گیس بھروانے کے لیے گاڑیوں کی قطاریں موجود تھیں۔حکومت نے موسم سرما میں

 

 

شہر میں 1 لاکھ گداگر موجود، جرائم پیشہ افراد سے تعلق

کراچی، شہر میں اس وقت 1 لاکھ بھکاری موجود ہیں جو ایک مافیا کے طور پر کام کرتے ہیں۔ ان کے خلاف بھرپور کارروائی کرنا ہو گی۔ یہ بات کمشنر آفس میں گداگری کے خلاف مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کے دوران کہی گئی۔ اس موقع پر کمشنر کراچی روشن علی شیخ نے کہا ہے کہ شہر سے گداگری مافیا کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ ان جرائم پیشہ افراد کا تعلق اینٹی اسٹیٹ سے ہے۔مخیر لوگ شیلٹر ہوم بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر

کراچی ایسٹ قاضی جان محمد، ڈپٹی کمشنر سینٹرل متانت علی خان، ڈی آئی جی پولیس کے نمائندے، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حکومت سندھ اور دیگر این جی اوز کے نمائندے اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔اس موقع پر کمشنر کراچی نے کہا کہ گداگری کے خلاف بھرپور آپریشن کی ضرورت ہے۔ یہ ایک کمرشل مافیا ہے ان کے رابطے جرائم پیشہ افراد کے ساتھ ہوتے ہیں اور یہ شہر کی اہم شاہراہوں اور چورنگیوں پر بھیک مانگنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔ان کا ایک موثر ٹھیکیداری نظام موجود ہے جس میں ان کو گھر سے لانے لے جانے کی سہولت بھی دی جاتی ہے، یہ پیشہ ور بھکاری کراچی کا تصور خراب کر رہے ہیں۔پولیس انسداد گداگری ایکٹ کے تحت ان کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ پکڑے گئے گداگروں کو ایدھی ہوم اور کورنگی میں موجود بیگرز ہوم میں رکھا جائے جہاں ان کی بحالی کے ساتھ ساتھ ان کو کھانا اور دیگر سہولتیں بھی فراہم کی جائیں۔

شہر قائد میں 4 کروڑ روپے کے قومی پرچم لگانے کا منصوبہ، کے ایم سی کا ٹینڈر منسوخ

کراچی، شہر قائد میں 4 کروڑ روپے کی لاگت سے قومی پرچم لگانے کا معاملہ اخبارات میں آنے کے بعد اس کا ٹینڈر منسوخ کر دیا گیا۔کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن نے شہر کے مختلف مقامات پر جھنڈوں کی تنصیب کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا جس کے کھلنے کی تاریخ 24 دسمبر مقرر کی گئی تھی۔اس سے پہلے بھی اس ٹینڈر کی تاریخ میں دوبار توسیع کی جا چکی ہے اب نئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی ہے جس سے شکوک و شبہات میں مزید اضافہ ہو گیا

ہے۔واضح رہے کہ سٹی گورنمنٹ کے ملازمین نے خطیر رقم سے جھنڈے لگانے کے منصوبے کو کافی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ جس ادارے میں تنخواہیں اور پنشن دینے کے پیسے نہ ہوں، اتنی بڑی رقم سے جھنڈے لگانے کا منصوبہ آخر کیوں بنایا گیا۔اس کے پیچھے کیا محرکات ہیں اس کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں یہ تحقیقات نیب اینٹی کرپشن سے ہوں تو کافی راز افشا ہونگے۔

اساتذہ صحافی بن کر تعلیمی اداروں کی تباہی کا سوال کرتے ہیں، پیر مظہر

کراچی، سینئر وزیر تعلیم سندھ پیر مظہر الحق نے سندھ اسمبلی میں بدھ کو محکمہ تعلیم کے ان 352 اساتذہ کی فہرست پیش کر دی جو مختلف اخبارات، ٹیلی ویژن چینلز اور دیگر نجی اداروں میں بھی کام کرتے ہیں۔ پیر مظہر الحق نے اخبارات اور ٹی وی چینلز کے مالکان سے اپیل کی کہ وہ ان نام نہاد صحافیوں کو اپنے اداروں سے نکال دیں تاکہ وہ اپنی اصل ڈیوٹی سر انجام دے سکیں کیونکہ

وہ تنخواہیں محکمہ تعلیم سے لیتے ہیں۔وزیر تعلیم نے کہا کہ اخبارات اور ٹی وی چینلز کے مالکان تنخواہیں بچانے کی خاطر ان ٹیچرز کو اپنے پاس ملازم رکھے ہوئے ہیں۔ یہ ٹیچرز بچوں کو نہیں پڑھاتے ہیں اور اسکولز وکالجز سے غیر حاضر رہتے ہیں۔صحافی بن کر یہ مجھ سے سوال کرتے ہیں کہ تعلیم کا بیڑا کیوں غرق ہو گیا ہے جبکہ یہ خود بچوں کو نہیں پڑھاتے۔ یہ 10 پندرہ سال سے اپنے فرائض سے غفلت برت رہے ہیں، اب ہم نے ان کے خلاف ایکشن لیا ہے۔فہرست سامنے آنے کے بعد مہران ٹی وی کے مالک نے ایسے 10 افراد کو نکال دیا ہے اور یہ خوش آئند بات ہے۔ سب سے زیادہ 70 ٹیچرز کاوش گروپ سے وابستہ ہیں جس میں کے ٹی این، کشش، کاوش، کوشش، شام اور خادم وطن شامل ہیں۔

صدر زرداری کراچی سے اسلام آباد روانہ، چینی وفد سے ملیں گے، ذرائع

کراچی، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور صدر مملکت آصف علی زرداری بدھ کی شب کراچی سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔ وہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب دبئی میں 9 روز تک زیرعلاج رہنے کے بعد کراچی پہنچے تھے اور گزشتہ 3 روز سے کراچی میں اپنی نجی رہائش گاہ بلاول ہائوس میں قیام پذیر تھے، جہاں انکی اعلی حکام کے ساتھ مسلسل ملاقاتیں جاری تھیں۔ذرائع کے مطابق صدر اسلام آباد میں ایک اعلی سطح ایک چینی وفد سے ملاقات کرینگے۔

دریں اثنا صدر مملکت کی اسلام آباد روانگی اور وی آئی پی موومنٹ کے تناظر میں شاہراہ فیصل کو بند کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔جبکہ گزشتہ روز بھی وزیراعظم کی آمد کی وجہ سے کراچی ائیرپورٹ سے بلاول ہائوس تک ٹریفک بند کر دی گئی تھی جس سے لوگوں کو شدید مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حکومت کا خاتمہ،عرب رہنماں سے بات نہیں ہوئی،ترجمان

پاک فوج نے آئی ایس آئی کے سربراہ جنرل کی عرب رہنماں سے ملاقاتوں کی خبر کی تردید کردی ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹنٹ جنرل احمد شجاع پاشا نے موجودہ حکومت کے خاتمے کیلئے عرب رہنماں سے کوئی بات چیت نہیں کی۔آئی ایس پی آر نے برطانوی اخبار میں تیرہ دسمبر کو عمر وڑائچ کے مضمون کو مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دے کر مسترد کردیا ۔ مضمون میں دعوی کیا گیا تھا کہ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی نے عرب ممالک کا دورہ کرکے عرب لیڈروں سے پاکستان میں حکومت گرانے کی اجازت مانگی تھی۔ اس خبر کی اشاعت پر اخبار کومعافی مانگنے کے لیئے قانونی نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

 


سی این جی اسٹیشنز بند کئے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا،ڈاکٹرعاصم

وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے جنوری میں گیس بحران مزید سنگین ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی این جی اسٹیشنز بند کئے بغیر مسئلہ حل نہیں ہوگا۔قومی اسمبلی میں تحریک التوا پر بحث سمیٹتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ ملک میں گیس کی شدید قلت ہے۔ سر جوڑ کر بیٹھنے سے ہی مسئلہ حل ہوگا۔ سی این جی سیکٹر گیس چوری کے سوا کچھ نہیں کرتا۔ پنجاب میں یہ سیکٹر گھریلو صارفین سے زیادہ گیس استعمال کر رہا ہے۔ ڈاکٹر عاصم کا کہنا تھا کہ جنوری میں گیس کی بہت زیادہ کمی ہوگی۔ ملک آگے لے جانے کیلئے تلخ فیصلے کرنا ہونگے۔ فرٹیلائزر سیکٹر کیلئے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ آئین کے آرٹیکل ایک سو اٹھاون کے تحت جہاں سے گیس نکلے پہلا حق اسی صوبے کا ہے۔ پنجاب میں پانچ فیصد گیس نکلتی ہے اور کھپت پینتالیس فیصد ہے۔ سندھ میں گیس کی پیداوار چھیاسٹھ فیصد اور کھپت چوالیس فیصد جبکہ خیبر پختونخواہ میں کھپت صرف چار فیصد اور پیداوار نو فیصد ہے۔ پی پی کے رکن ندیم افضل چن نے مطالبہ کیا کہ جن ایم این ایز کے گیس اسٹیشنز چوری میں ملوث ہیں ان کے نام ایوان میں پیش کئے جائیں۔ عابد شیر علی سمیت ن لیگ کے دیگر ارکان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جارہا ہے۔ سلسلہ بند نہ ہوا تو بجلی گیس کے بل ادا نہیں کریں گے اور دو دن بعد فیصل آباد سے سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔ وقفہ سوالات کے دوران وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے بتایا کہ دو ہزار آٹھ سے اب تک چھہتر ٹرینیں بند ہو چکی ہیں۔ اس وقت صرف چھیاسی ٹرینیں چل رہی ہیں۔ وہ ریلوے کی زمینیں بیچ کر ٹرینیں چلانے کے حق میں نہیں۔

 


گوجرانوالہ،وین کا گیس سلنڈر پھٹنے سے 6افرادجاں بحق

گوجرانوالہ میں مسافر ویگن کا گیس سلنڈر پھٹنے سے چھ افراد جھلس کر جاں بحق اور بارہ زخمی ہو گئے۔گوجرانوالہ کے قریب ایمن آباد میں جی ٹی روڈ پر مسافر ویگن الٹنے سے سلنڈر پھٹ گیا، جس کے باعث ویگن کو آگ لگ گئی اور چھ افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ بارہ زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق پانچ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ حادثے میں ویگن مکمل طور پر تباہ ہو گئی، امدادی ٹیموں کو لاشیں نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ جاں بحق ہونے والوں کی ابھی تک شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

 


کراچی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہائیکورٹ سے رجوع کرینگے،عمران

عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں جلسے کی اجازت نہ ملی تو ہائیکورٹ سے رجوع کریں گے،کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کو روکا گیا تو مسلح سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔ نوازشریف زرداری کو رخصت کرناچاہتے ہیں تواسمبلیوں سے استعفے دیں۔سابق وفاقی وزیر قانون افتخار گیلانی کی تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدالتوں کا مکمل احترام کرتے ہیں، مزار قائد پر جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تحریک انصاف کو اجازت نہ ملی تو ہم قانونی چارہ جوئی کریں گے۔عمران خان نے کہا کہ جن معاشروں میں سیاسی سرگرمیاں معدوم ہوں، وہاں مسلح سرگرمیوں کو فروغ ملتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پیپلزپارٹی کی حکومت کو رخصت کرنا چاہتی ہے، تو اسمبلیوں سے استعفی دے۔ میمو اسیکنڈل کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پر اعتماد ہے، یہ سنجیدہ معاملہ ہے امید ہے کہ عدالت عظمی مکمل تحقیقات کرے گی۔

 


میمو کیس میں ہمارے وکلا کو دھمکیاں مل رہی ہیں، چوہدری نثار

قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ حکومت قومی سلامتی کمیٹی کو غلط انداز میں استعمال کر رہی ہے، مسلم لیگ ن کا آرمی چیف سمیت کسی سے رابطہ نہیں، میمو کیس میں ان کے سینئر وکلا کو معاملے سے علیحدہ رہنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ حکومت نے میمو معاملے پر بار بار موقف تبدیل کرکے اس کیس کو مزید گھمبیر بنادیا ہے، جبکہ قومی سلامتی کمیٹی پارلیمنٹ کا کبھی نعم البدل نہیں ہوسکتی۔ چوہدری نثار نے کہا کہ میمو کیس میں ہمارے سینئر وکلا کو معاملے سے علیحدہ رہنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں، جس سے ظاہر ہورہا ہے کہ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری کی جارہی ہے۔ انہوں نے شمسی ایئر بیس کو غیر ملکی طاقت کے حوالے کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ چوہدری نثار نے کہا کہ سینیٹ کے اجلاس میں حکومت نے میمو کے معاملے پر بحث کرانے کا وعدہ کیا تھا مگر سینیٹ کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے سے مزید شکوک و شبہات کو جنم لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کا جنرل کیانی سمیت کسی سے رابطہ نہیں اور نہ ہی ان کا ہم سے رابطہ ہے۔

 


منصور اعجاز ایک جھوٹا شخص ہے،عاصمہ جہانگیر

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق صدر اور میمو سکینڈل کیس میں حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے آئی ایس پی آر کی جانب سے شجاع پاشا کی عرب رہنمائوں سے ملاقات کے تردیدی بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ثابت ہو گیا ہے کہ منصور اعجاز ایک جھوٹا شخص ہے، آدھا سچ اور آدھا جھوٹ تو نہیں ہو سکتا’ بھلا یہ کیسے ممکن ہے کہ حسین حقانی کے حوالے سے منصور اعجاز کو سچ مان لیا جائے اور آئی ایس آئی کے سربراہ شجاع پاشا کے حوالے سے اسے جھوٹ قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایک عام شہری کی حیثیت سے میں اب بھی اس بات پر قائم ہوں کہ ایبٹ آباد سانحہ پر ہی شجاع پاشا کو مستعفی ہو جانا چاہیے تھا کیونکہ اتنا بڑا واقعہ ان کی ناکامی کے باعث ہوا۔ انہوںنے کہا ہے کہ آدھا تیتر اور آدھا بٹیر نہیں چلے گا۔ میرے موکل پر جو منصور اعجاز نے الزامات لگائے ہیں وہ تو سچ مانے جارہے ہیں اور جو الزامات انہوں نے شجاع پاشا پر لگائے ہیں’ اس کی آئی ایس پی آر تردید کر رہی ہے۔